بیروت،22جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)لبنان میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہفتے کی شام دارالحکومت بیروت کے وسط میں ایک مصروف شاہراہ پر دہشت گردی کی خطرناک سازش ناکام بناتے ہوئے شہریوں کے قتل عام کی کوشش ناکام بنا دی۔ہفتے کی شام شاہراہ الحمراء پرواقع Coastaہوٹل میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ایک مشتبہ خود کش بمبار کو پولیس نے گولیاں مار کر زخمی کیا جسے بعد ازاں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق انٹیلی جنس ڈاریکٹوریٹ اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ایک مشکوک شخص کی پرھجوم ہوٹل کے قریب موجودگی پر کارروائی کی گئی تو ایک مقامی شدت پسند کو ہوٹل میں داخل ہونے سے قبل ہی گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا گیا۔
نیو ٹیلی ویژن ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے ایک مشتبہ حملہ آور ہو شاہراہ الحمراء پر واقع ایک ہوٹل میں داخل ہونے سے روکا مگر اس نے آگے بڑھنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے مشتبہ شخص کو گولی مار دی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مبینہ شدت پسند نے خود کش جیکٹ پہن رکھی تھی اور وہ ایک بڑے ہوٹل کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہا تھا مگر پولیس نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردی کی خطرناک سازش ناکام بنا دی۔اخبار النہار کے مطابق مشتبہ شخص کو کوسٹا ہوٹل میں داخل ہونے اور خود کش جیکٹ سے دھماکہ کرنے سے قبل گولیاں مار کر زخمی کر دیا گیا تھا۔
زخمی ہونے کے باعث وہ خود کش حملہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردی کی سازش ناکام بنانے پر ملٹری انٹیلی جنس اور دیگر اداروں کو مبارک باد پیش کی ہے۔ بعد ازاں وزیر داخلہ نھاد المشنوق نے بھی دہشت گردی کی سازش ناکام بنائے جانے کی تصدیق کی تھی۔